سری نگر ،10؍جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) جموں وکشمیر کے کٹھوعہ عصمت دری اورقتل معاملہ میں ایک ملزم نے معاملے کی سماعت جوینائل کورٹ (نابالغوں کی عدالت) میں کرنے کے لئے عرضی داخل کی ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو جسٹس اویناش جنگن کی کورٹ میں معاملے کی سماعت ہوئی ہے۔ اس دوران جموں وکشمیرحکومت کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔ لہٰذا معاملے کی تاریخ ملتوی کردی گئی ہے۔ اب اس معاملے پر13 اگست کو سماعت ہوگی۔
اس سے قبل پٹھان کوٹ ضلع اورسیشن عدالت نے کٹھوعہ عصمت دری معاملہ اورقتل معاملے میں ایک ملزم کی میڈیکل رپورٹ کو منظورکرلیا تھا، جس نے خود کے نابالغ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر جے کے چوپڑا نے کہا تھا کہ رپورٹ میں اس کی عمر 20 سال سے زیادہ ہے۔ ایسے میں اس پر بالغ کی طرح کیس چلے گا۔
انہوں نے بتایا کہ بچاو فریق کے وکیل کی عرضی کو خارج کرتے ہوئے ضلع اور سیشن جج تاجویندر سنگھ نے کہا کہ ملزم پرویش کمار عرف منوکو بالغ تسلیم کیاجائے گا۔ چوپڑا نے کہا کہ عدالت نے اس کی عرضی کو خارج کردیا ہے اورملزم کوبالغ قراردیا ہے۔